شکار پور: (یس نیوز ڈیکس) خان پور میں نماز عید کے دوران سیکیورٹی پر تعینات پولیس کی جانب سے روکے جانے پر خود کش حملہ آور نے خود کو بارودی مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شکار پور کے نواحی قصبے خان پور میں امام بارگاہ میں نماز عید کی تیاری کی جارہی تھی ، اسی دوران دو مشکوک افراد نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے دونوں کو رکنے کی ہدایت کی جس پر ایک شخص نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا ۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور کے دوسرے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ خود تمام معاملات کی نگرانی کریں اور زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔