دبئی : شعیب اختر نے تناؤ کے ماحول میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کی مخالفت کردی، سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ سیاسی حالات کی وجہ سے دسمبر میں یو اے ای میں ہونے والے میچز کو ملتوی کر دینا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق روایتی حریف ٹیموں کی 2007 کے بعد اولین باہمی سیریز دسمبر میں شیڈول ہے، میزبانی کے فرائض متحدہ عرب امارات کو انجام دینے ہیں، مگر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ان دنوں سخت کشیدہ ہیں، بھارتی بورڈ کئی بار سیریز نہ کھیلنے کا عندیہ دے چکا۔
سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا بھی کہنا ہے کہ مذاکرات کی منسوخی اور سرحدی کشیدگی کے بعد کرکٹ کھیلنے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے، دبئی میں ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا کہ گوکہ کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے مگر بدقسمتی سے سرحد پر ان دنوں کافی تناؤ ہے۔