راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن اٹھارہویں روز بھی جاری ہے۔ پولیس کی ناکامی کے بعد پاک فوج کے جوان کچے کے علاقے میں پہنچ گئے جو ستائیس چوکیوں کا کنٹرول سنبھالیں گے۔ چارکلو میٹر کے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ گن شپ ہیلی کاپٹر بھی کارروائیوں میں شریک ہیں۔
راجن پور: (یس اُردو) چھٹا آپریشن اٹھارہواں روز اور سات اضلاع کے بائیس سو پولیس اہلکار میدان میں صرف ایک سو ڈاکو پھر بھی قابو نہ آئے۔ ایلیٹ فورس کے مزید تین سو اہلکاروں کی کمک کے باوجود پولیس ناکام ہی رہی جس کے بعد فوج سے مدد مانگ لی گئی۔ فورسز کے جوان ہیلی کاپٹروں اور زمینی راستے سے کچے میں داخل ہو گئے چار کلو میٹر کے علاقے میں کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا۔ جوانوں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ ادھر رینجرز نے تھانہ شاہوالی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ اہل علاقہ کو اعلانات کے ذریعے گھروں میں رہنے کی ہدایات بھی کی جا رہی ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کو شیخ زید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ چوبیس یرغمالیوں کو ابھی تک بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔