کچے میں فوج کی جانب سے کیا جانے والا آپریشن کامیاب ، غلام رسول عرف چھوٹو نے مغوی اہلکاروں کو بھی آزاد کر دیا
راجن پور (یس اُردو ) راجن پور میں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کامیاب ہوگیا ہے اور چھوٹو نے مغوی اہلکاروں کو رہا کر کے خود کو فوج کے حوالے کر دیا ہے ۔ غلام رسول عرف چھوٹو اور سکیورٹی حکام کے درمیان آپریشن آج اختتام کو پہنچ گیا ۔ کچے میں جاری آپریشن کے دوران چھوٹو گینگ کی جانب سے بھاری اور جدید اسلحے کا استعمال کیا گیا جس کے جواب میں پاک فوج نے بھی بھرپور کارروائی کی اور علاقے کو کلیئر کروانے کی کوشش کی جس کے بعد آج چھوٹو گینگ نے صبح ہتھیار ڈال دیئے ۔ چھوٹو گینگ نے حبس بے جا میں رکھے ہوئے تمام مغوی اہلکاروں کو بھی رہا کر دیا ۔ پاک فوج نے چھوٹو گینگ کی گرفتاری کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ وہاں قائم کئے جانے والے تمام مورچے اور پوشیدہ ٹھکانوں کو ختم کیا جاسکے ۔ فوج کی کارروائی کے دوران چھوٹو گینگ کے قبضے سے بڑی مقدار میں بھارتی اسلحہ بھی برآمد ہوا جس کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ چھوٹو گینگ کے تمام ارکان کو طبی معائنے کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سے پولیس حکام انہیں معائنے اور علاج کے بعد تفتیش کیلئے اپنے ساتھ لے جائیں گے