لاہور : ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے اس موقع پر ماتمی جلوسوں کی نگرانی اور پر امن صورتحال کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ لاہور میں مرکزی قدیمی ماتمی تعزیے کا جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ موچی گیٹ سے بر آمد ہو کر اپنی منزل کربلا گامے شاہ کی جانب رواں دواں ہے۔
کراچی میں شہداَئے کربلا کے جلوس کے لئے ایم جناح روڈ کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں عام تعطیل ہے۔ راولپنڈی میں بھی حضرت امام حسین ؓ کے چہلم موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کے 5 ہزار سے زائد اہلکار سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
ملتان میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں ضلع بھر سے چھوٹے بڑے 8 ماتمی جلوس بر آمد ہونگے جبکہ 36 مجالس برپا کی جائیں گیں ، جلوس اور مجالس کی سیکورٹی کیلئے ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔ ملتان میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں مرکزی جلوس دوپہر دو بجے امام بارگاہ جوادیہ سے بر آمد ہو گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات 10 بجے آستانہ لال شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
ضلع بھر میں چہلم کے چھوٹے بڑے 8 جلوس بر آمد ہونگے جن میں سے 4 کو انتہائی حساس قرار دے کر ایک ہزار سات سو گیارہ پولیس اہلکار جبکہ گیارہ سو رضاکار سیکورٹی کیلئے تعینات کئے گئے ہیں ، شہر بھر میں چہلم کے موقع پر کل 36 مجالس برپا کی جائیں گے جن میں سے 11 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کیئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
فیصل آباد میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیئے گئے ہیں 2800 سے زائد اہلکار آج ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کیمروں سے نگرانی بھی کی جائے گی ، 13 جلوس 16 مجالس کا انعقاد ہو گا۔
ضلع بھر میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی ہے جبکہ سیکورٹی کے انتظامات بھی سخت کئے گئے ہیں ، ضلع بھر میں 5 ایس پیز 13 ڈی ایس پیز 16 انسپکٹر 37 سب انسپکٹرز 219 اے ایس آئی سمت 2576 اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں ، آج 13 جلوس اور 16 مجالس کا انعقاد ہو گا۔