حکمران جماعت نے اپنے لیڈر کو بچانے کیلئے ہسپتال پر تنقید کی ، کسی کو کرپشن کا شبہ ہے تو مالی معاملات کی جانچ پڑتال کرا سکتا ہے :شوکت خانم ہسپتال کی تقریب سے خطاب
لاہور (یس اُردو) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران کرپشن بچانے کیلئے لوگوں کا خون چوس رہے ہیں ، انہوں نے 1996 اور 2011 میں شوکت خانم ہسپتال پر حملہ کیا ، اب تیسری بار پھر اس ہسپتال پر حملہ کیا گیا ، میری دعوت ہے کہ جس کو ہسپتال پر اعتراض ہے اس کے معاملات کی مکمل انکوائری کرائی جائے ۔ میری ٹیم نے اب تک زبردست کام کیا ہے اور مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کی ہیں ۔ لاہور میں شوکت خانم ہسپتال کی تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ 2011 میں سیالکوٹ کے بھانڈ نے ہسپتال کو نشانہ بنایا جس کا ہمیں بہت نقصان ہوا اور مریضوں کے علاج میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، عمران خان نے کہا کہ میاں برادران کی جب بھی طبیعت خراب ہوتی ہے وہ علاج کیلئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں اور اس پر بھی عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ خرچ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے لیڈر کو بچانے کیلئے شوکت خانم جیسے ادارے کو تنقید کا نشانہ بنایا ، ان کو کوئی شرم حیا نہیں ہے ، حکمرانوں کا سارا پیسہ ملک سے باہر پڑا ہے ، جب ان کی کرپشن کی کہانیاں بے نقاب کی جاتی ہیں تو یہ شوکت خانم کیخلاف کارروائی شروع کر دیتے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم کے تمام معاملات عوام کے سامنے ہیں ، کسی کو اس ہسپتال میں ایک روپے کی بھی کرپشن کا شک ہے تو وہ اس کے مالی معاملات کی جانچ پڑتال کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے مولا جٹ کی تنقید سے ہسپتال کے فنڈز میں 20 فیصد اضافہ ہوا ۔