لاہور: عام انتخابات 2018 کے کامیاب انعقاد کے بعد واضح اکثریت سے ابھرنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف حکومت سازی کے لئے سیاسی توڑ جوڑ میں مصروف ہے۔ اسی سلسلہ میں پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سبطین خان وزیراعلی پنجاب کے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آ گئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا نام بھی وزارت اعلیٰ کے لئے فائنل نہیں ہوسکا اور نیب نوٹسز کے بعد عبدالعلیم خان کے امکانات بھی کم ہوگئے ہیں اور اب سبطین خان وزیراعلی پنجاب کے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آ ئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ صوبائی وزرا اور اسپیکر کے لئے بھی پی ٹی آئی کے متعدد نام سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق یاسمین راشد کو وزیر صحت، محمود الرشید کو سینئر وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ راجہ بشارت، میاں وارث، مخدوم ہاشم جواں بخت بھی وزرا کی دوڑ میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب کے مضبوط امیدوارسبطین خان میانوالی سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور یہ وزیر معدنیات بھی رہ چکے ہیں۔