شہد میں قدرت نے بیش بہا اور لاتعداد فائدے چھپا رکھے ہیں، شہد نہ صرف کھانے میں نہایت ذائقے دار ہوتا ہے بلکہ انسانی صحت کیلئے بھی فائدے مند ہے۔ شہد میں خدا نے مٹھاس کے ساتھ شفا بھی رکھی ہے جو بیمار اور مریضوں کیلئے دوا کا کام کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خدا نے قرآن میں بھی بطور خاص شہد کا ذکر کیا ہے۔
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ شہد اس زمین پر موجود صحت بخش غذاؤں میں سے ایک ہے یہی وجہ ہے کہ شہد کی مانگ میں بھی بے حد اضافہ ہوگیا ہے اور لوگوں کی ڈیمانڈز کو پورا کرنے کیلئے مارکیٹ میں اصلی کی جگہ نقلی شہد کی بھرمار ہوگئی ہے جو دکھنے میں بالکل اصلی شہد جیسا ہوتا ہے۔ بازاروں اور دوکانوں میں نقلی شہد’’ آرگینک شہد‘‘ کے نام سے کافی کم قیمت پر باآسانی دستیاب ہوتا ہے تاہم یہ شہد کے حقیقی فوائد سے محروم ہوتا ہے۔
فوڈ سیفٹی نیوز کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں دستیاب تقریباً 76 فیصد شہد نقلی ہے جسے دوکاندار اصلی کہہ کر اور لوگوں کو بیوقوف بناکر بیچ دیتے ہیں، یہاں تک کہ اس میں سے پھولوں کے زردانے اور موم بھی الگ نہیں کیا جاتاجس کی وجہ سے یہ خالص نہیں رہتا۔ جعلی شہد میں گلوکوز، چینی کا سیرپ، آٹا، مکئی کا سریپ وغیرہ شامل ہوتا ہے یہ تمام چیزیں جعلی شہد کو میٹھا اورگاڑھا کرنے کیلئے ڈالی جاتی ہیں۔
تاہم کچھ طریقے ہیں جن کی مدد سے معلوم کیاجاسکتا ہے کہ شہد اصلی ہے یا نقلی۔ شہد کو انگلیوں میں لے کر ہلکا سا رگڑیں اگر شہد انگلیوں پر چپک جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ نقلی ہے اور اگر نہیں چپکتا تو اس کا مطلب ہے وہ اصلی شہد ہے۔
شہد قدرتی طور پر گاڑھا ہوتا ہے شہد کے جار کوہلائیں اگر شہد جار کے ایک طرف سے دوسری طرف جانے میں تھوڑا وقت لگائے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ اصلی ہےجب کہ نقلی شہد بہت ہلکا ہوتا ہے اور باآسانی ایک طرف سے دوسری طرف چلاجاتا ہے۔
شہد چونکہ پھولوں سے بنتا ہے لہٰذا اس میں سے پھولوں کی خوشبوآتی ہے، شہد کو کئی بار گرم کرکے ٹھنڈا کریں یہ عمل کرنے سے اصلی شہد کی خوشبو میں فرق آجائے گا۔ جب کہ نقلی شہد میں کوئی خوشبو نہیں ہوتی۔
اصلی شہد پانی میں آسانی سے حل نہیں ہوتا۔ ایک گلاس پانی میں ایک چمچہ شہد ڈالیں اور ہلائیں یہ گلاس کی تہہ میں بیٹھ جائے گاجب کہ نقلی شہد بغیر ہلائے پانی میں حل ہوجائے گا۔
شید کو ماچس کی تیلی کے سرے پر لگائیں اور پھر اسے کسی دوسری تیلی کی مدد سے جلائیں اگر شہد اصلی ہوگا تو تیلی جل جائے گی۔ لیکن اگر شہد نقلی ہوگا تو تیلی نہیں جلے گی کیونکہ اصلی شہد کبھی بھی موئسچرائزر خارج نہیں کرتا اور نقلی شہد کے موئسچرائزر خارج کرنے کی وجہ سے تیلی گیلی ہوجائے گی اور نہیں جلے گی۔