سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کو مؤخر کرتے ہوئے اسپیکر نے اجلاس ختم کرنے کا عندیہ دیا تو ایم کیو ایم اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔
سندھ اسمبلی کا جمعے کا اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینئر وزیر نثار کھوڑو نے وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس کو اگلے اجلاس تک موخر کرنے کی درخواست کی، جس پر ایم کیو ایم ارکان نے اعتراض کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ ایوان نے کثرت رائے سے وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس مؤخر کردیا۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو میں ایم کیوایم کے عامر معین پیرزادہ نے کہا کہ ایسے اجلاس میں شرکت کرنا بےکار ہے جبکہ پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے ایوان کو پیپلز پارٹی کی دونمبر اسمبلی قرار دیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ اسمبلی کو دو نمبر کہنے پر پی ٹی آئی کو معافی مانگنی چاہئے ، اپوزیشن جہاں بھی اجلاس بلائیں ہمیں فرق نہیں پڑتا۔
مختصر کاروائی کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اجلاس پیر کی دوپہر 2بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا۔