کراچی: سندھ کابینہ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام پر بننے والی یونی ورسٹیوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بہت سے اہم فیصلے کئے گئے جس میں سے ایک انتہائی اہم کراچی اور حیدر آباد میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام سے منسوب یونی ورسٹیوں کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے بھی کیا گیا۔ سندھ کابینہ نے اجلاس میں الطاف حسین یونی ورسٹی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی جس کے بعد کراچی اور حیدر آباد میں الطاف حسین کے نام سے منسوب یونی ورسٹیوں کے نام تبدیل کر کے فاطمہ جناح یونی ورسٹی رکھ دیا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی سے بھی الطاف حسین یونی ورسٹی کا نام تبدیل کرنے کی منظوری لی جائے گی۔