چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ تمام لائسنس آج ہی منسوخ ہونے چاہیں
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے تمام شراب خانے بند کرنے کا حکم دے دیا ۔ سندھ ہائی کورٹ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام لائسنس آج ہی منسوخ ہونے چاہئیں ، نئے لائسنس کے لیے نیا ضابطہ اخلاق بنایا جائے ۔
سندھ ہائی کورٹ میں شراب خانوں کی بندش کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی ۔ سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی ایکسائز اور آئی جی سندھ کو آج ہی تمام شراب خانے بند کرنے کا حکم دیا ۔ عدالتی فیصلے پر سائلین نے مسرت کا اظہار کیا اور کمرہ عدالت تالیوں سے گونج اٹھا ۔
بشپ کراچی اور اقلیتوں برادری کے نمائندوں نے عدالت کو بتایا کہ کوئی بھی مذہب شراب کی اجازت نہیں دیتا ، اقلیتی برادری کو شراب پینے کے نام پر بدنام کیا جارہا ہے ۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ تمام لائسنس آج ہی منسوخ ہونے چاہیں ۔ شراب خانوں کے تمام لائسنس منسوخ کر کے دوبارہ سے لائسنس کے اجرا کا سلسلہ شروع کیا جائے ، نئے لائسنس کا اجراء مذہبی تصدیق نامہ دیکھ کر کیا جائے اور نئے لائسنس کے اجراء کے لئے نیا ضابطہ اخلاق بنایا جائے ۔