کراچی (یس ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ لنک روڈ از خود نوٹس کیس میں مرنے والے مسافروں کے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سانحہ لنک روڈ از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت وفاقی حکومت نے جواب داخل کرایا،جس میں بتایا گیا کہ حادثے کی تحقیقات کروائی جارہی ہیں، عدالت نے فائر بریگیڈ، کمشنر کراچی اور چیئرمین اسٹیل ملز کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
درخواست گزار کاکہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی حکومت نےجاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا تاہم ادائیگی نہیں کی گئی۔ عدالت نے حادثے میں جاں بحق 20 افراد کی تاحال شناخت نہ ہونے پر ڈی این اے لیب کو شناخت کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ لنک روڈ حادثے میں 60 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔