کراچی (یس ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
ایف پی سی سی آئی میں جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر ٹیلو کلیننرکی آمد کے موقع پر شرکا سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان میں بیشتر شعبے غیرملکی سرمایہ کاروں کیلیے پرکشش ہیں تاہم توانائی اور انفرااسٹرکچر کے شعبے سرفہرست ہیں، سندھ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے سازگار ماحول اور سہولتوں کی فراہمی کی لئے کوشاں ہے۔ سندھ میں ایگری بزنس، لائیو اسٹاک اور معدنیات کے شعبے سرمایہ کاری کیلیے انتہائی موزوں ہیں ان شعبوں کی ترقی کیلیے سندھ حکومت بھی بھرپور اقدامات کررہی ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جرمن قونصل جنرل نے کہا کہ جرمن سرمایہ کار پاکستان کے انر جی، انفرااسٹرکچر، اسپورٹس، ٹیکسٹائل اور زراعت میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں باہمی تجارت سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے ذریعے معاشی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے میں باہمی تجارت کے فروغ کیلیے کوالٹی سرٹیفکیشن کو ناگزیر قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ جرمنی کے سرمایہ کاروں کوپاکستان کی جانب راغب کرنے کیلیے اپریل میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہوگی جس میں پچاس سے زائد سرمایہ کاروں کا تجارتی وفد پاکستان کا دورہ کریگا۔ تقریب سے ایف پی سی سی آئی کے سنیئر نائب صدر عبدالرحیم جانو نے بھی خطاب کیا۔