counter easy hit

سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کالعدم تنظیموں کے جھنڈے اتارنے، وال چاکنگ مٹانے کا فیصلہ

Meeting

Meeting

کراچی (یس ڈیسک) سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے جھنڈے اتارنے اور وال چاکنگ فوری مٹانے کا فیصلہ کیا گیا، این او سی کے بغیر کوئی نیا مدرسہ قائم نہیں کیا جا سکے گا۔

غیر رجسٹرڈ مدارس کی رجسٹریشن فوری شروع کی جائے گی، سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں وزیر اعلی ہائوس میں ہوا۔

اجلاس میں گورنر سندھ، کور کمانڈر کراچی اور آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں سندھ بھر میں کالعدم تنظیموں کے جھنڈے اور بینرز فوری اتارنے اور وال چاکنگ مٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ نئے مدارس کے لئے این او سی لازمی قرار دئیے جانے کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔ این او سی کے بغیر کوئی نیا مدرسہ قائم نہیں کیا جاسکے گا۔

غیر رجسٹرڈ مدارس کی رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کیا جائے گا، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کمیٹی کو کرائے پر مکان دینے کے حوالے سے بریفنگ دی، اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں کرائے پر مکان حاصل کرنے والوں کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ ایجنٹ پندرہ دن میں کرائے پر دئیے گئے مکانات کا ریکارڈ پولیس کو جمع کرائیں گے۔ کرائے پر مکان دینے سے قبل تھانے میں اطلاع دینا ہو گی۔