counter easy hit

سندھ کابینہ میں رد و بدل کا امکان: قائم علی شاہ سینئر ارکان کے ہمراہ دبئی روانہ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی : وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ اپنی کابینہ کے سینئر ارکان کے ہمراہ دبئی روانہ ہو گئے جب کہ سندھ کابینہ میں رد وبدل کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے رہنماؤں کو دبئی طلب کر لیا جب کہ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، وزیرخزانہ مراد علی شاہ اور وزیر اطلاعات شرجیل میمن دبئی روانہ ہو گئے جہاں صوبائی کابینہ میں رد و بدل کے حوالے سے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق دبئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ کے نئے ارکان اسمبلی کو قلمدان سونپنے پر غور کیا جائے گا جب کہ ارم خالد سمیت کئی نام وزارت کے لئے پیش پیش ہیں جنہیں قلمدان سونپنے یا نہ سونپنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے بلائے جانے پر سینیٹر رحمان ملک بھی دبئی روانہ ہو گئے اور اجلاس میں پارٹی کے انتظامی ڈھانچے اور سندھ حکومت سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔