کراچی (جیوڈیسک) سندھ پولیس میں اعلیٰ سطح پر سینئر افسران کے تقرر و تبادلے کر دیئے گئے جس کے تحت 7 ڈی آئی جیز کو تبدیل کردیا گیا ہے۔
سندھ پولیس کے 7 سینئر ڈپٹی انسپکٹر جنرلز کے تبادلے و تقرریاں کی گئی ہیں جس کے تحت ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ کو تبدیل کرکے انہیں محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر جمیل احمد کو تعینات کیا گیا ہے اسی طرح ڈی آئی جی ویسٹ کیپٹن (ر) طاہر نوید کو بھی محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فیروز شاہ کو ڈی آئی جی ویسٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سےجاری نوٹی فکیشن کے مطابق جاوید اختر اوڈھو ڈی آئی جی میرپور خاص جب کہ کامران افضل ڈی آئی جی سکھر کے طور پر اپنے فرائض انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی آپریشن کے باعث وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ایپکس کمیٹی کی اجازت کے بغیر کسی اعلیٰ پولیس افسر کے تبادلے نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر سندھ حکومت نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔