رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ ہونے کے خلاف شہر شہر احتجاج کی صدا بلند ہونے لگی ۔ سکھر ، جیکب آباد سمیت سندھ بھر میں رینجرز کے حق میں ریلیاں نکالی گئی۔
سکھر: (یس اُردو) رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ کرنے کے خلاف سندھ بھر میں ریلیاں نکالی گئیں ۔ سکھرمیں رینجرز کی حمایت میں قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے ایوب گیٹ سے سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ۔ مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں نے بھی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا اور رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ خیرپور میں بھی سول سوسائٹی اور وکلاء نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ جیکب آباد میں بھی مسلم لیگ(ن)، جے یو آئی (ف)، سندھ یونائیٹڈ نیشنل پارٹی، چیمبر کامرس ، ہندو پنچائیت کے اراکین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی اور سندھ حکومت سے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ گھوٹکی اور کشمور میں بھی شہریوں نے مظاہرے کئے۔