کراچی (یس ڈیسک) سندھ اسمبلی میں لفظ اندرون سندھ پر نصرت سحر عباسی اور نثار کھوڑو میں تلخ کلامی ہوگئی، شرجیل میمن اور مراد علی شاہ نے نصرت سحر سے معافی مانگنے پر اصرا کیا۔ ایوان نے طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں فنکشنل لیگ کی نصرت عباسی نے اپنے سوال میں اندرون سندھ کا لفظ استعمال کیا جس پر ایوان میں شور شرابہ ہوگیا۔ نصرت سحر عباسی اور نثار کھوڑو میں سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے کہا کہ اندرون سندھ کے لفظ سے دل آزاری ہوئی ہے نصرت سحر معافی مانگیں۔ شرجیل میمن اور وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے بھی اُن سے معافی مانگنے پر اصرار کیا تاہم ڈپٹی سپیکر شہلا رضا نے اسمبلی کی کارروائی سے متنازعہ الفاظ حذف کرا دئیے ۔ ایم کیو ایم کے محمد حسین نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے کے خلاف تحریک التوا پیش کی جس کی حکومتی وزراء نے مخالفت کی۔
ڈپٹی سپیکر نے تحریک خلاف ضابطہ قراردے دی۔ طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ایوان میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کرلی گئی ، اسمبلی اجلاس میں نصرت سحر عباسی نے دنیا نیوز کے نمائندے منور عالم کی کار پر فائرنگ کی مذمت کی۔ اس موقع پر اسمبلی کی کوریج کرنے والے صحافیوں نے واک آؤٹ کیا۔ وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے یقین دہانی کرائی کہ آئی جی سندھ سے واقعہ کی تفتیش کرائی جائے گی۔