کراچی: مشہور پاکستانی گلوکار طاہر شاہ کو جان سے ماردینے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد وہ بیرون ملک چلے گئے۔
یس نیوز کے مطابق ’’آئی ٹو آئی‘‘ اور ’’اینجل‘‘ جیسے گانوں سے شہرت پانے والے پاکستانی گلوکار طاہر شاہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے قتل کی دھمکیاں موصول ہورہی تھیں جس کے بعد انہوں نے حکام سے سیکیورٹی کی درخواست کی تاہم کوئی قابل اطمینان جواب موصول نہ ہونے پر وہ بیرون ملک روانہ ہوگئے۔
طاہر شاہ کی مینجمنٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ نامعلوم ٹیلیفون کالز کے ذریعے طاہر شاہ کو کچھ روز قبل قتل کی دھمکیاں موصول ہوئیں جس پر انہوں نے اپنی سیکیورٹی کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا تھا تاہم ان کی جانب سے کوئی خاطرخواہ جواب نہ ملنے پر طاہر شاہ دلبرداشتہ ہوکر بیرون ملک چلے گئے ہیں۔