ن لیگ کو وزیر اعظم کی قیادت پر پورا اعتماد ہے ، اسلام آباد کی ہنگامی کیفیت کا سیاسی حل چاہتے ہیں :وزیر مملکت پانی و بجلی
اسلام آباد : وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے پش اپ لگا کر تحریک انصاف کو چیلنج کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے اور اسی لیے دھرنا کی سیاست کو آخری دھکا دینے کیلئے بھی تیار ہیں ۔ اسلام آباد کے مقامی جم میں وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے مشکل انداز سے 29 پش اپ لگائے اور مختلف انداز سے 2 گھنٹے تک ایکسر سائز بھی کی ۔ اس موقع پر عابد شیر علی نے تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کو بھی پش اپ لگانے کا چیلنج دے ڈالا ۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو وزیر اعظم کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے اور اسی لیے اسلام آباد کی ہنگامی کیفیت کا سیاسی حل چاہتے ہیں تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عدالتی احکامات ماننے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے ن لیگ کے شیر بھی دھرنا کی سیاست کو ہمیشہ کیلیے دفن کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ ایکسر سائز کے دوران وزیر مملکت نے شیخ رشید کو سیاسی یتیم قرار دے کر شدید تنقید بھی کی ۔