اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے لیے چاروں صوبوں میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری نے سندھ، خیبر پختون خوا، پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس کی تیاری کے لیے لیٹر بھی لکھ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے لیے ملک کے چاروں صوبوں سندھ، خیبر پختون خوا، بلوچستان اور پنجاب میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد وزارت ٹیکسٹائل کا ذیلی ادارہ ہے جو ٹیکسٹائل سے متعلقہ مضامین میں گریجویٹ، انڈر گریجویٹ اور مختلف پروگرامز جاری رکھے ہوئے ہے، وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی جانب سے یونیورسٹی کے سب کیمپس قائم کرنے کے لیے چاروں صوبوں کو لیٹر بھی ارسال کر دیے گئے ہیں، پنجاب میں یہ کیمپس گوجرانوالہ میں بنایا جائے گا جس کے لیے وفاقی حکومت کی زمین موجود ہے تاہم رسائی نہ ہونے کے باعث وزارت ٹیکسٹائل کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کوکوئی دوسری اراضی الاٹ کرنے کا لیٹر بھی لکھا گیا ہے، اسی طرح وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کو بھی لیٹر لکھ کر سب کیمپس کے لیے اراضی ڈیمانڈ کی ہے۔