دنیا بھر میں دفاتر کو یہ عقل آ گئی ہے کہ ملازمین کو اچھی سہولیات دینے اور ان کے ذہن سے دباؤ کم کرکے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کام کرنے کے مقامات کو بہتر بنانے کا ایک عالمی رحجان چل پڑا ہے۔
لاہور: (یس اُردو) امریکا کی مشہور ہیلتھ انشورنس کمپنی ایٹنا نے ایک انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے ان ملازمین کو مالی فائدہ دینا شروع کر دیا ہے جو کافی نیند لیتے ہیں۔ امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں واقع دفتر میں کام کرنے والے وہ تمام ملازمین سالانہ 300 ڈالرز تک کما سکتے ہیں جو روزانہ کم از کم 7 گھنٹے کی نیند لیتے ہیں۔ اس قدم کی وجہ دراصل یہ ہے کہ نیند کی کمی سے کام کرنے کی صلاحیت بری طرح اثر انداز ہوتی ہے۔ ادارے کے چیئرمین اور سی ای او مارک برٹولینی کہتے ہیں کہ اگر ملازمین ذہنی طور پر حاضر اور تیار ہوں تو کام جلدی اور اچھی طرح کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کی نیند پوری نہ ہو تو ایسا ممکن نہیں۔ ایٹنا نے یہ قدم اٹھا کر پیغام دیا ہے کہ نیند کتنی زیادہ اہمیت ہے۔ اگر ملازمین فٹ بٹ جیسی کوئی ڈیوائس ہاتھوں پر پہنیں، تو ان کی نیند کے گھنٹے خود کار طور پر جانے جا سکتے ہیں لیکن ملازمین خود بھی نوٹ کرکے ادارے کو دے سکتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 35 فیصد امریکی بالغ افراد ایک رات میں 7 گھنٹے کی نیند بھی نہیں لیتے۔ نیند کی یہ کمی دل کے امراض، دوروں اور ذیابیطس کا سبب بن سکتی ہے۔