اسلام آباد: اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ڈان لیکس پرچھوٹے سرکاری ملازم کو قربانی کا بکرا بنایا جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ڈان لیکس کے معاملے پرریاست کو سڑکوں پرگھسیٹا گیا، دشمن کواطلاعات دے کر مدد دی گئی، رپورٹ سے متعلق سب کو پہلے سے ہی معلوم ہے کہ رپورٹ میں کوئی بڑی چیز سامنے نہیں آئے گی، اس معاملے پرکچھ نہیں ہوگا، سب کو چھوڑکرچھوٹے سرکاری ملازم کو قربانی کا بکرا بنایا جائے گا اوراس پر چوہدری نثار بھی کہہ چکے ہیں کہ کمیشن متفق نہیں۔ اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ملک میں گورننس نام کی کوئی چیزنہیں، اسلام آباد میں امن وامان کے چوہدری نثار کے دعوے بے نقاب ہو گئے، اسلام آباد میں سیکورٹی پر 7 ارب روپے لگے لیکن سفارت کار تک محفوظ نہیں۔
کسانوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیاں کسان دشمن ہیں، کسانوں پرباردانے کے لیے لاٹھی چارج ہوا جو باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو گو نوازگوتحریک میں تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا۔