متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ سوچنا شروع کر دیا ہے، جب سب کا صوبہ ہے تو مہاجروں کا کیوں نہیں، فیصلہ کر لیا تو صوبہ بھی بنا لیں گے۔
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے شہریوں اور کارکنوں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اب اپنے مستقبل کا فیصلہ ہمیں خود کرنا ہے، فیصلہ کرنا ہے کہ ہم کسی کے آلہ کار نہیں بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے کمر کس لی تو اگلا وزیر اعلیٰ ایم کیو ایم کا ہو گا۔
ایم کیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صحیح آبادی ظاہر کی جائے تو ہماری 80 نشستیں ہو جائیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سوچنا شروع کیا ہے کہ سب کا صوبہ ہے، ہمارا کیوں نہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے نشتر پارک جلسے میں زیرو واٹ کا بلب روشن تھا مگر ایم کیو ایم کے جلسے میں 1720 وولٹ کا کرنٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد عظیم الشان دھرنا کریں گے جو ہمیں مزید کرنٹ دے گا۔