دانت کا درد انتہائی شدید اور ناقابلِ برداشت ہوتا ہے- عام طور پر اس درد کی وجہ دانتوں میں پیدا ہونے والا خلا، دانت کا ہلنا، مسوڑھوں کا انفیکشن ہوتا ہے۔ حیران کن طور پر دانتوں کے درد کا شکار اکثر ایسے افراد بھی بن جاتے ہیں جو روزانہ صبح دانتوں کی صفائی کرتے ہیں- ایسا کیوں ہوتا ہے؟ اس درد سے کیسے محفوظ رہا جاسکتا ہے؟ اور دانتوں کا انفیکشن کیسے دور کیا جائے؟ ان تمام اہم سوالات کے جوابات جاننے کے لیے ہماری ویب کی ٹیم نے معروف طبیبہ رخِ نسرین آغا سے خصوصی ملاقات کی- اس نشست میں حاصل ہونے والی اہم معلومات یہاں ہماری ویب کے قارئین کی خدمت میں پیش کی جارہی ہیں-
طبیبہ رخِ نسرین کہتی ہیں کہ “ دانت کے درد سے بچنے کے لیے سب سے ضروری چیز ہے دانت کی صفائی- اور یہ صفائی صحیح طریقے سے ہونی چاہیے“-
“ ویسے تو ہم صبح اٹھ کر برش کرتے ہیں لیکن دانتوں کی صفائی کا ایک اہم وقت کھانا کھانے کے بعد بھی ہوتا ہے- رات کو کھانے کے بعد برش کرنا بہت ضروری ہے- اور یہ ایسے ہی ہے جیسے ہم کھانے کے برتنوں کو کھانے کے فوراً بعد دھو دیتے ہیں“-
“ کھانے کے بعد برش کرنے سے دانتوں میں موجود وہ ذرات نکل جاتے ہیں جو جراثیم کی نشو و نما کا باعث بنتے ہیں ورنہ دوسری صورت میں ان جراثیموں کو غذا مل جاتی ہے“-
“ اسی لیے رات میں دانتوں کی صفائی کا خیال رکھیں اور اپنے بچوں کو مسواک کرنے کی عادت ڈالیں“-
طبیبہ رخِ نسرین کا کہنا تھا کہ “ اگر دانت میں تکلیف ہے تو اسے آغاز میں ہی دیکھ لیجیے کہ کہیں کوئی کیڑا وغیرہ تو نہیں لگ گیا- دانت کی تکلیف کو بڑھا کر٬ اسے گلا سڑا کر اور اس میں پِیپ بھرنے کے بعد اسے نکلوانا بہت مشکل کام ہے-
“ دانتوں کے لیے ایک دوائی ایسی ہے جو بچے اور بڑے دونوں ہی استعمال کرسکتے ہیں اور اس دوا کی کُلیاں کرنے سے آپ دانتوں کے انفیکشن سے محفوظ رہ سکتے ہیں-
“اگر آپ اسے ہفتے میں ایک مرتبہ بھی استعمال کریں گے تو دانتوں کے مختلف امراض سے بچ جائیں گے لیکن جنہیں دانتوں کا انفیکشن اور مسوڑھے خراب ہیں وہ یہ دوا روزانہ استعمال کریں“-
طبیبہ رخِ نسرین اس دوا کو تیار کرنے کا طریقہ کچھ یوں بتاتی ہیں کہ “ 10 گرام مہندی کے پتے٬ 10 گرام نیم کے پتے٬ 10 گرام باؤ بڑنگ اور 10 گرام ہی کباب خنداں لے کر دو گلاس پانی میں اچھی طرح ابال لیں“-
“ ابالنے کے بعد اسے چھان لیں اور کسی بوتل میں بھر کر واش روم میں رکھ لیں- اس پانی کو جتنی دیر منہ میں رکھ سکیں رکھیں اور پھر کُلی کردیں٬ یہ عمل دن بھر کریں- اس سے آپ کے مسوڑھوں اور دانتوں کے متعدد مسائل حل ہوجائیں گے“-