ممبئی: اداکارہ سونم کپور نے منا بھائی ایم بی بی ایس، تھری ایڈیٹس اور پی کے جیسی فلموں کے خالق ہدایتکار راج کمار ہیرانی کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے لیے پر تولنے شروع کردیئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ان کے ساتھ کام کرنے کی شدید آرزو مند ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارسنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکارہ سونم کپور کا نام لیا جارہا تھا تاہم اس حوالے سے جب اداکارہ سے رجوع کیا گیا توان کا کہنا تھا کہ انہیں تاحال اس بات کا علم نہیں کہ راج کمارہیرانی کی جانب سے ان کا انتخاب کیا گیا ہے یا نہیں، اس کے لیے بہترہے کہ ان ہی سے پوچھا جائے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ راج کمارہیرانی جیسے ہدایت کارکے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش مند ہیں، وہ انہیں جس کردار کی بھی پیشکش کریں گے انہیں قبول ہوگا۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ فلم “نیرجا” کے لیے مداحوں کی جانب سے پزیرائی قابل تحسین تھی جب کہ مداحوں کی جانب سے فلم میں اداکاری کے لیے نیشنل ایوارڈ کی امیدیں لگانا بھی بہت متاثر کن تھا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرمجھے نیشنل ایوارڈ نہ بھی ملے تو میں مایوس نہیں ہوں گی کیونکہ میرے لیے وہ فلم کرنا ہی بہت اہم تھا۔