ممبئی: سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی پر دیگر بالی ووڈ اداکاروں اور چاہنے والوں کی طرح پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا تھا جس کے جواب میں سونم کپور نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
تین روز قبل بھارتی بزنس مین آنند آہوجا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی نامور بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور پیا گھر سدھار گئی تھیں۔ سونم کی شادی کے موقع پر بالی ووڈ خانز سمیت تقریباً تمام بالی ووڈ اسٹارز نے شرکت کی، اور جو لوگ شرکت نہیں کرسکےانہوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لے کر دونوں کو مبارکباد دی۔ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھی ٹوئٹر پر سونم کپور کو شادی کی مبارکباد دی اور ان کیلئے دائمی خوشیوں کی دعا کی۔ جس کے جواب میں سونم کپور نے ماہرہ خان کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا مجھ سے صبر نہیں ہو رہا کہ ہم کب کانز فلم فیسٹیول میں ملیں گے۔
واضح رہے کہ سونم کپورہرسال فرانس میں منعقد ہونے و الے کانزفلم فیسٹیول میں شرکت کرتی ہیں، اس بار بھی ان کی شرکت یقینی ہے اورکانزمیں شرکت کے باعث سونم اور آنند نے اپنا ہنی مون آگے بڑھادیا ہے لہٰذا اب سونم کپور اور آنند آہوجا اکتوبر یا نومبر میں ہنی مون منانے جائیں گے۔ سونم کپور 14 اور 15 مئی کو کانز کے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیریں گی۔