*آج مورخہ 27ستمبر2020بمطابق 9صفر المظفر 1422ھ بروز اتوار لائسنس دارانِ مرکزی جلوس چہلمِ امام حسینؑ کی جانب سے بلائے گئے اجلاس جس میں دیگر لائسنس داران، بانیانِ مجالس و جلوس اور ماتمی سالاروں نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ دنوں میں غیر متعلقہ اور نام نہاد عناصر کیجانب سے شہر کے پُر امن ماحول کو پر تشدد بنانے، شر انگیزی اور مختلف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ جس کی سختی سے مذمت کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں جلوسِ عزا کے تقدس اور روایت کو پامال کرنے اور اس کو سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ اجلاس واضح کر دینا چاہتا ہے کہ عزاداریِ سید شہداء امام حسینؑ ہماری عبادت اور شہ رگِ حیات ہے۔ اس میں کسی قسم کی رخنہ اندازی۔ نعرہ بازی اور شر انگیزی کی اجازت نہ ہو گی۔ چہلم سید شہداء فقط ماتمِ حسینؑ کا نام ھے۔
چہلم امام حسینؑ کے جلوس حسبِ سابق اپنی روایت اور عقیدت کے ساتھ برآمد ہوں گے۔ ظلم اور زیادتی کے خلاف ماتم حسینؑ ہی سب سے بڑا نعرہ اور احتجاج ہے۔ روح ماتمِ حسینؑ کو کبھی بھی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔
20 صفر المظفر کو چہلم امام حسینؑ کی مجالس وقت مقررہ پر مرکزی امام بارگاہوں میں شروع ہوں گی اور بعد از مجلس مرکزیِ جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ قدیمی میں اختتام پذیر ہوں گے۔ مومنین سے گذارش ہے وقت مقررہ پر مجالس اور جلوسِ ہائے عزا میں شریک ہوں اور کسی سیاسی ریلی کا حصہ نہ بنیں۔
یہ اجلاس مقامی انتظامیہ کو باور کرتا ہے کہ جلوس کے منتظمین؍ لائسنس داران کی جانب سے دئیے گئے درج ذیل لائحہ عمل کو اپنے ایس او پیز کا حصہ بنائیں:
۱۔ جلوسِ عزا میں اور جلوس کے روٹ پر آنے والے تمام مدارس اور مساجد میں لائوڈ اسپیکر کے استعمال کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
۲۔ سبیل اور میڈیکل کیمپ کے علاوہ کسی بھی اور کیمپ کی اجازت نہ دی جائے۔
۳۔ جلوس کے روٹ پر روشنی، صفائی اور مرمت کو یقینی بنایا جائے۔
۴۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر لائسنس داران اور امن کمیٹی کے ممبران سے امن و امان کے قیام کے لئے رابطہ کیا جائے کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے کردار اور عمل کے لائسنس داران ذمہ دار نہ ہوں گے۔
یہ نمائندہ اجلاس اس بات کا بھی اعادہ کرتا ہے کہ عزا داروں پر قائم بے بنیاد مقدمات ختم کیے جائیں۔ تکفیری عناصر کو لگام دی جائے اور یہ اجلاس سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور توہین کی مذمت کرتا ہے۔
تمام مومنین اور شرکاء جلوس سے گزارش ہے کہ امن و امان ، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے میں حسبِ روایت اپنا کردار ادا کریں*۔
۱۔ سید طاہر عباس کاظمی (سجادہ نشین و لائسنس ہولڈر دربار شاہ، چن چراغ، راولپنڈی)
۲۔ سید قاسم علی شاہ کاظمی (سجادہ نشین و لائسنس ہولڈر دربار شاہ پیارا، چوہڑ ہڑپال، راولپنڈی)
۳۔ سید اقرار علی رضوی (متولی و لائسنس ہولڈر امام بارگاہ سید حفاظت علی شاہ، بوہڑ بازار، راولپنڈی)
۴۔ امجد حسین (متولی و لائسنس ہولڈر امام بارگاہ عاشق حسین، تیلی محلہ، راولپنڈی)
۵۔ سید صدف امیر کاظمی (متولی و لائسنس ہولڈر امام بارگاہ شہزادہ قاسمؑ، نیا محلہ، راولپنڈی)
۶۔ محسن افتخار (متولی و لائسنس ہولڈر امام بارگاہ شہیدانِ کربلا، ٹائروں والا بازار، راولپنڈی*)