کراچی: سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ صولت مرزا اور عزیر بلوچ تو محض پیادے ہیں اصل میں ان کے پیچھے سیاسی جماعتیں ہوتی ہیں جب کہ کراچی اور بلوچستان سمیت خیبرپختونخوا میں جو ہورہا ہے اس میں بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کا بھی ہاتھ ہے۔
مقامی ہوٹل میں آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پرویزمشرف نے اپنے اوپر چلنے والے کیسز کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر سیاسی کیسز بنائے گئے تاہم امید ہے تمام کیسز جلد ختم ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے لے لئے ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو پکڑنا ہو گا جب کہ مقامی عدالتیں دہشت گردوں کو سزا نہیں دے پا رہیں، صولت مرزا اور عزیر بلوچ تو محض پیادے ہیں اصل میں ان کے پیچھے سیاسی جماعتیں ہوتی ہیں جب کہ کراچی اور بلوچستان سمیت خیبرپختونخوا میں جو ہورہا ہے اس میں بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کا بھی ہاتھ ہے۔
پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ آج تک ایسا کوئی لیڈر سامنے نہیں آیا جو پاکستان کو آگے لے کر چلے، عوام کو جمہوریت اور آمریت سے کوئی سروکار نہیں وہ تو صرف ملک کی ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی اننگز کھیل لی اب نوجوانوں کی باری ہے، ملک میں عام انتخابات کے بارے میں نہیں جانتا کہ وہ کب ہوں گے۔