لاہور: جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر روبن پیٹرسن کی پیشگوئی نے سب کو حیران کردیا۔ تفصیلات کے مطابق روبن پیٹرسن نے گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ورلڈ کپ فائنل کے حوالے سے پیشگوئی کی۔ انہوں نے لکھا کہ میرے مطابق جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز لارڈز کے میدان پر ورلڈ کپ کا فائنل کھیلیں گے۔ پیٹرسن کی اس پیشگوئی پر کچھ صارفین نے ان کا مذاق بنایا جبکہ کچھ نے ان میں سے ایک ٹیم کے پہنچنے کی تائید کی۔ ان کی اس پیشگوئی پر انگلینڈ کے سابق بلے باز اویس شاہ نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقی ٹیم کے پاس فنیشر نہیں ہے تاہم ویسٹ انڈیز کے حوالے سے آپ کی پیشگوئی درست ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اپنی اس ٹویٹ میں طنزیہ طور پر ہیش ٹیگ چوک کا بھی استعمال کیا۔ جنوبی افریقی ٹیم کو بڑے میچز میں پہنچ کر ہارنے کی وجہ سے چوکرز کہا جاتا ہے۔ واضح رہے ورلڈکپ کا آغاز 30 مئی سے ہوگا جبکہ اس کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز کے میدان پر کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اہم باولر شاداب خان کے ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے اس طرح ان کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ کرکٹ شائقین کیلئے بری خبر، سپنر شاداب خان ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہوگئے۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں فٹنس ٹیسٹ کے دوران میڈیکل ٹیسٹ بھی کئے جاتے ہیں جس کے دوران شاداب خان کو ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہونے کا پتہ چلا ہے تاہم حکام حتمی فیصلے سے قبل ان کے مزید ٹیسٹ کروانا چاہتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ورلڈ کپ سکواڈ کیلئے شاداب خان کی شرکت بہت اہم ہے تاہم اگر حتمی فیصلہ ان کی عدم شرکت ہوئی تو متبادل سپنر کا انتخاب کر لیا جائے گا