سڈنی (یس ڈیسک) ورلڈ کپ 2015 کے گروپ بی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 257 رنز سے شکست فاش سے دوچار کر دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی اہم میچ کامیابی کا سہرا کپتان اے بی ڈویلیرز اور عمران طاہر کے سر ہے۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 409 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا، جسے حاصل کرنے کیلئے کالی اندھی نے اننگ کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 12 کے اسکور پر گری جب جارحانہ بلے باز کرس گیل صرف 3 کے انفرادی اسکور پر ایبٹ کا شکار بنے، اس کے بعد تو جیسے لائن ہی لگ گئی۔
اس کے ابتدائی 7 کھلاڑی صرف 63 پر ڈریسنگ روم لوٹ گئے۔ تھوڑی مزاحمت کپتان جیسن ہولڈر نے کی، انہوں نے 56 رنز بنائے مگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکا اور پوری ٹیم 151 پر ڈھیر ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کپتان نے 66 گیندوں پر 17 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 162 رنز کی اننگ کھیلی۔ دوسری طرف عمران طاہر نے ویسٹ انڈیز کیلئے ہدف کا تعاقب انتہائی مشکل بنا دیا۔
انہوں نے 45 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ نے اپنا تیسرا گروپ میچ کھیلا، اس نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بھارت کیخلاف اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ادھر ویسٹ انڈیز نے اپنا 4 میچ کھیلا ہے، کالی اندھی کو دو مقابلوں میں شکست اور دو کامیابی ملی ہے۔ جنوبی افریقہ کپتان کو شاندار کھیل پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔