counter easy hit

جنوبی افریقا نے سری لنکا کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

South Africa and Sri Lanka

South Africa and Sri Lanka

سڈنی (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل مقابلے میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لئے بھیانک خواب ثابت ہوا اور پوری ٹیم 38ویں اوور میں 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جنوبی افریقی بولروں کے آگے سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور وقفے وقفے سے ایک کے بعد ایک بلے باز پویلین چلتا بنا، جنوبی افریقا کے مضبوط بولنگ اٹیک کے آگے کمار سنگاکارا اور لاہیرو تھریمانے نے کچھ مزاحمت کا مظاہرہ کیا لیکن بالترتیب 45 اور 41 رنز بنا کر وہ بھی ہمت ہار گئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں کوسل پریرا 3، ماہیلا جے وردھنے 4، اینجلو میتھیوز 19، نووان کلاسیکرا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے عمران طاہر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جے پی ڈومینی نے رواں ورلڈ کپ کی دوسری ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ڈیل اسٹین، کائل ایبٹ اور مورنے مورکن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا نے 134 رنز کا آسان ہدف 18 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، اوپنرز ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا تاہم 40 کے مجموعی اسکور پر ہاشم آملہ 16 رنز بنا کر لستھ ملنگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، ہاشم آملہ کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈی کوک کا ساتھ دینے کے لئے فاف ڈوپلیسی کریز پر آئے اور دونوں بلے بازوں نے جنوبی افریقا کی کشتی پار لگا دی، ڈی کوک 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ڈوپلیسی نے 21 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ بہترین کارکردگی پر عمران طاہر کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔