جنوبی وزیرستان ایجنسی (ویب ڈیسک) جنوبی وزیرستان ایجنسی میں بدر بریج کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے بدر بریج میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید جب کہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بدربریج کے قریب کھڑی تھی کہ زور دار دھماکا ہوا۔ ذرائع کے مطابق دھماکا آئی ڈی تھا اور واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے جب کہ شہداء اور زخمیوں کو ہستپال پہنچا دیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ اس وقت کے حالات میں سرحد پار کارروائی کشمیر کاز کے ساتھ غداری ہوگی، اگر بھارت نے سرحد پار کرنے کی کوشش کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے، بھارت آزاد کشمیر کی طرف پیش قدمی بھول جائے اب گزشتہ قبضہ چھڑانے کا وقت ہے۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مودی نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے والی حرکت کرکے مسئلہ کشمیر کیلئے اچھا کام کیا ہے۔ بھارت کے اس اقدام کے بعد سرد خانے میں پڑا مسئلہ کشمیر دنیا کیلئے فلیش پوائنٹ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم تسلی رکھے مسلح افواج قوم کو مایوس نہیں کریں گی اور ہر صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، 3 روز کے دوران ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، پاک فوج کے سربراہ کہہ چکے ہیں کہ کشمیر کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ اس صورتحال میں سرحد پار کارروائی کشمیر سے غداری ہوگی، بھارت نے سرحدی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت سے اب گزشتہ قبضہ چھڑانے کا وقت ہے، آزاد کشمیر کی طرف پیش قدمی تو بھارت بھول ہی جائے ، آزاد کشمیر کا ایک ایک انچ محفوظ ہے۔