پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) سپین کی قومی پولیس نے مرسیہ ڈویژن کے لورکا اور مازارون علاقوں سے زمینداروں سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان زمینداروں پر غیر قانونی تارکین وطن سے کھیتوں پر جبری مشقت لینے کے الزامات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، عارضی ملازم کھیتوں میں بھیجنے والی ایجنسی سے تعاون کے ساتھ یہ زمیندار غیر قانونی تارکین وطن کو کھیتوں پر کام کرنے کی نوکری دیتے تھے۔ جہاں انہیں کم سے کم تنخواہ دی جاتی تھی۔ اور کھیتوں پر لانے اور واپس لے جانے کےاخراجات بھی وصول کیے جاتے تھے۔
یہی نہیں انہیں کام کے دوران بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع کرنے اور کام کے دوران آرام اور کھانے کی غرض سے صرف 15 منٹ دیے جاتے تھے۔ جبکہ نگرانی پر متعین افراد کو ملازمین کی صحت کے حوالہ سے خراب حالات میں بھی مزدوری کروانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ پولیس حکام نے تمام تحقیقات کے بعد کام کی غرض سے ملازمین مہیا کرنے والی ایجنسیوں کے 5 اور 4 زمینداروں کو گرفتار کر لیا۔