بارسلونا……شفقت علی رضا……ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام یوم قائد اعظم ؒ سیمینار منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ تھے۔سیمینار میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔قائم مقام قونصل جنرل اسلم خان غوری اور ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے چیئر مین چوہدری پرویز اقبال لوہسرنے قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست الفاظ مین خراج تحسین پیش کیا۔س موقع پرای یو پاک کے صدر چوہدری امتیاز لوراں نے اپنے خطاب میں اسپین میںمقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب سے کہا کہ وہ اپنی حکومت کے ساتھ مل کر ان مسائل کو فی الفور حل کروائیں۔گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپین میں یوم قائد اعظم ؒ سیمینار کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کو اپنے محسنوں کو یاد رکھنے میں مدد ملتی اور مقامی کمیونٹی کو مثبت پیغام دینے میں ایسے پروگرامز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمان یا پاکستانی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں،پاکستان تو خود دہشت گردی کا شکار ہے اور جتنی قربانیاں پاکستانی افواج اور عوام نے دہشت گردی جیسے ناسور کو ختم کرنے کے لئے دی ہیں اتنی قربانیاں کسی اور نے نہیں دیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دوسرے ممالک میں رہنے والے پاکستانی قائد اعظم ؒ کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے فرمان کو ہمیشہ سامنے رکھتے ہوئے اپنی زندگی گزاریں۔انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے وعدہ کیا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان سے مل کر اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو جلد حل کرانے کی پالیسیاں مرتب کریں گے،دیار غیر میں مقیم پاکستانی اپنے وطن کے مستقبل سے مایوس نہ ہوں، بہت جلد پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔سیمینار کے اختتام پر ای یو پاک کے چیئر مین برائے سپین چوہدری لنگڑیال نے تمام شرکاء اور گورنر پنجاب کی سیمینار میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔