کراچی: خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلیوں میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی نے سپیکر اور ریحانہ لغاری نے ڈپٹی سپیکر کے لئے فارم جمع کرائے جبکہ تحریک انصاف کی رابعہ اصغر نظامی نے ڈپٹی سپیکر کیلئے فارم جمع کرایا۔ ایم کیو ایم کے جاوید حنیف نے سپیکر سندھ اسمبلی کیلئے فارم جمع کرایا۔ دوسری جانب سندھ میں اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ وزیراعلیٰ لانے پر اتفاق ہوگیا ہے، شہریار مہر کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے ) کے شہریارمہر کی حمایت کرینگی۔
اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے چناؤ کے لئے اجلاس جاری ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے سپیکر کے عہدے کیلئے مشتاق غنی اور ڈپٹی سپیکر کیلئے محمود جان امیدوار ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے سپیکرشپ کیلئے لائق محمد خان جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے جمشید مہمند کو نامزد کیا گیا ہے۔
عام انتخابات میں زیادہ نشستیں جیتنے کے بعد پی ٹی آئی کو ایوان میں سادہ اکثریت حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ آسانی کیساتھ اپنے امیدواروں کو کامیاب کرا سکے گی۔ دوسری جانب اپوزیشن کے پاس ایوان میں صرف 35 کے قریب اراکین کی حمایت حاصل ہے۔
سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد قائم مقام سپیکرسردار اورنگزیب نلہوٹھا نئے سپیکر سے حلف لے کر اسمبلی رکن کی حیثیت سے اپنی نشست پر بیٹھ جائیں گے جس کے بعد نئے سپیکر ڈپٹی سپیکرسے اسکے عہدے کا حلف لے گا۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخابات کیلئے آج کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے جس کے بعد کل یعنی 16 اگست کو صوبے کے وزیراعلیٰ کا چناؤ کیاجائے گا۔ پی ٹی آئی پہلے ہی اپنے امیدوار محمود خان کو وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کر چکی ہے تاہم اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کیلئے نام آج سامنے آئیگا۔
ادھر بلوچستان اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل 16 اگست کو سہ پہر تین بجے ہو گا۔ بلوچستان عوامی پارٹی اور ان کے اتحادی جماعتوں نے سپیکر کے لئے میر عبدالقدوس بزنجو جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لئے اب تک اتفاق نہ ہو سکا۔ تاہم متحدہ مجلس عمل اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے سپیکر کے لئے حاجی نواز کاکڑ اور ڈپٹی سپیکر کے لئے احمد نواز بلوچ کو نامزد کر دیا۔