اسلام آباد(ایس ایم حسنین) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمہوریہ لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیح مصطفیٰ بیری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بیروت دھماکوں پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اس انتہائی افسوسناک سانحے کے نتیجے میں 157 افراد ہلاک اور کئی ہزار زخمی ہوئے جس پر پاکستان کے عوام اور موجودہ حکومت غمزدہ ہیں۔ انہوں نے اس المناک دھماکے میں جاں بحق افراد کی روحوں کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی قوم باہمت قوم ہے اور وہ جلد ہی اس سانحے کی ہولناکی سے اپنے آپ کو باہر نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم اعادہ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت کی جانب سے لبنانی عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیح مصطفیٰ بیری نے افسوسناک واقع پر اظہار ہمدردی کرنے پر قومی اسمبلی کے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دوائیوں اور امدادی اشیا بھیجنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان دھماکوں سے 8000 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ اسپیکر اسد قیصر نے لبنان کی حکومت اور عوام کو پاکستان کی مکمل تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔ لبنانی اسپیکر نے دونوں قانون ساز اداروں کے مابین تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔