اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ارکان کی اجلاسوں میں غیر حاضر ہونے کے باعث رکنیت ختم کرنے کیلیے ایم کیو ایم کی تحریک منظورکرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں رائے شماری کروانے کااعلان کیا ہے اورکہاہے کہ آڈٹ اعتراضا ت کی وجہ سے تحریک انصاف کے اراکین کی تنخواہیں روکی گئی ہیں۔
پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسپیکرایاز صادق نے کہا کہ ایم کیوایم کی جانب سے تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت ختم کرنے کیلیے پیش تحریک منظورکرلی گئی جس پر قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں نجی کارروائی کے روز رائے شماری کروائی جائے گی۔
تحریک ایم کیو ایم کے18 ارکان کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے جس پر فیصلہ ایوان کی اکثریت کرے گی۔
انھوں نے کہاکہ آڈٹ حکام کے اعتراض کے بعد تحریک انصاف کے اراکین کو تنخواہیں جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور روک لی گئیں کہ اگرتحریک انصاف کے اراکین کی رکنیت ختم ہوتی ہے تو پھرریکوری نہ کرنا پڑے ۔