لاس اینجلس ; لاس اینجلس اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرلیا، 27 سالہ عاصم زار 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ ایونٹ میں سرخرو رہے، سوئمر اقصیٰ احمد جنجوعہ، سائیکلسٹ میمونہ حسین اور خدیجہ عرفان نے سلورمیڈلز جیتے، مینز سائیکلسٹ سلمان صدیقی اور عثمان سعید نے پاکستان کو کانسی کے تمغوں کا حقدار بنادیا۔
امریکی شہر لاس اینجلس میں جاری اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستانی کھلاڑی بھی میڈلز کی دوڑ میں شامل ہوگئے، 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں عاصم زر نے پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوایا، جاری گیمز میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا یہ پہلا تمغہ تھا، یادرہے کہ عاصم زار اس سے قبل اسپیشل اولمپکس سمر گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیت چکے تھے لیکن منتظمین نے وجوہات بتائے بغیرجمیکا کے جو ناتھن کو گولڈ میڈل کا حقدار ٹھہرایا تھا۔
27 سالہ ایتھلیٹ نے 2007 کے اسپیشل اولمپکس میں دو سلور میڈل جیتے تھے۔ دوسری طرف اقصیٰ احمد جنجوعہ نے بھی تیراکی میں چاندی کا تمغہ حاصل کر کے میڈلز ٹیبل پر اپنا نام درج کروا لیا۔ انھوں نے 50 میٹر فری اسٹائل مقابلوں میں58.40 سکینڈ میں مقررہ ہدف عبورکیا، چین کی لیو نے سونے کا تمغہ جیتا جنھوں نے 55.90 سیکنڈ میں اختتام کیا، کانسی کا تمغہ سلوینیا کی شکرج ایما کے حصے میں آیا۔
سائیکل ریس میں میمونہ حسین نے بھی پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا۔انھوں نے500 میٹر کا فاصلہ 1.5.72 منٹ میں طے کیا ۔پہلے نمبر پر1.14.58منٹ کیساتھ بھارتی میرا کماری رہیں ۔