لندن (ویب ڈیسک) بھارتی نژاد 23 سالہ حسینہ بھاشا مکھرجی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ہونے والے مقابلہ حسن میں برطانیہ کی ملکہ حسن منتخب ہوئیں اور اگلی ہی صبح وہ بطور جونیئر ڈاکٹر بھرتی ہوگئیں۔بھاشا مکھرجی نہ صرف حسن کی دولت سے مالا مال ہیں بلکہ وہ فطین لوگوں کی کیٹگری میں بھی شامل ہیں۔
بھاشا مکھرجی کے آئی کیو لیول کے صرف ایک فیصد لوگ ہی اس دنیا میں موجود ہیں۔ ان کا آئی کیو لیول 146 ہے جو ’ ویری سپیریئر، ایکسٹریملی ہائی اور اپر ایکسٹریم‘ سے بھی آگے ’ ویری گفٹڈ ‘ کے درجے کے لوگوں کا ہوتا ہے۔مقابلہ حسن کا فائنل معرکہ جیتنے کے بعد برطانوی اخبار میل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بھاشا مکھرجی نے کہا کہ انہیں صبح 4 بجے کی ٹرین پکڑ کر ہسپتال پہنچنا ہے کیونکہ اگلا دن ان کا ہسپتال میں بطور جونیئر ڈاکٹر پہلا دن ہوگا۔’ میں سکول میں ہمیشہ ہی اساتذہ کی پسندیدہ طالبہ رہی ہوں، میں نے سب سے سمارٹ طالبہ ہونے کے باعث آئن سٹائن ایوارڈ بھی جیتا تھا۔بھاشا مکھرجی انڈیا میں پیدا ہوئیں لیکن چھوٹی عمر میں ہی برطانیہ آگئی تھیں جہاں انہوں نے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ بھی کی۔برطانیہ میں مقابلہ حسن جیتنے کے بعد خود کار طریقے سے وہ مس ورلڈ کے مقابلے کیلئے بھی منتخب ہوگئی ہیں ۔ مس انگلینڈ کا ٹائٹل جیتنے پر انہیں موریشس میں چھٹیاں گزارنے کا پیکج بطور انعام دیا گیا ہے۔