کراچی : نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ابھرتے ہوئے فاسٹ بولرز کے کیمپ کے آغاز پر میڈیا کانفرنس کے دوران سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا کہ سارو گنگولی کی پاک بھارت سیریز کے خلاف بیان کی منطق اپنی جگہ ان کے لئے یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایشز سیریز سے زیادہ اہم پاک بھارت سیریز سیاست کی نذر کیوں ہو رہی ہے۔
وسیم اکرم کا یہ بھی کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی سے قومی کرکٹ ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کسی بھی فارمیٹ سے ڈراپ کرنا درست نہیں ہے۔ ایک سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ وہ ابھرتے ہوئے فاسٹ بولرز کے کیمپ میں بنیادی چیزیں نوجوان بولرز کو سکھائیں گے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ محمد اکرم نے کیمپ کو اہم قرار دیا۔ کیمپ کے پہلے روز سولہ میں سے چھ بولرز نے شرکت کی جنہیں وسیم اکرم نے فاسٹ بولنگ کی بنیادی چیزوں سے آگاہ کیا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق دیگر شہروں کے بولرز بھی جلد کیمپ کو جوائن کر لیں گے۔