کوئٹہ میں موسم سرماکےبعد بہار کی آمد آمد ہے،خزاں رسیدہ درختوں اور پودوں نے خشک پتوں کا پیرہن اتار کر سبزہ اوڑھنا شروع کر دیا۔ایسے میں خوبصورت رنگارنگ پھولوں کا دلکش نظارہ بھی قابل دید ہے۔شہر میں رات گئے بارش کے بعدٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔وادی کوئٹہ کے باسی برف باری سے بھرپور سردیاں گزارنے کے بعد خزاں کے نظارے بھی کرچکے ہیں اوراب انہیں انتظار ہے موسم بہار کا جس کا اعلان درختوں اور پودوں پر نمودار ہونے والا سبزہ بھی کرنے لگا ہےشہر کی سڑکوں، پگ ڈنڈیوں اور کیاریوں کےعلاوہ نرسریوں میں لگے پودوں پر سبزہ بھی موسم بہار کی نوید سنا رہا ہے۔جامنی، سفید، اودے، نیلے، پیلے، لال اور جامنی پھول بھی دلکش نظارہ پیش کررہے ہیں۔درختوں اور پودوں پر سبزہ اور قدرت کی جانب سے آویزاں حسین پھول، پتے اہل کوئٹہ کےدل و دماغ کوہی نہیں روح کو بھی تروتازہ کررہے ہیں۔
کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں رات گئے بارش ہوئی۔ اس وقت بھی وادی اور اس کے پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلودہےجبکہ شہر اور نواحی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ رات ہونے والی بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی کوئٹہ میں مزید بارش کا امکان ہے۔کوئٹہ میںآج کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔