پارٹی کے یوم تاسیس کا جلسہ 24 اپریل کو ڈی چوک میں ہی کیا جائےگا :پاکستان تحریک انصاف کا اعلان
اسلام آباد (یس اُردو) پاکستان تحریک انصاف نے چوبیس اپریل کو یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد کے ڈی چوک میں جلسے کا اعلان کر دیا ۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں اب کسی کو جلسے یا دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا اعلان نظر انداز ، تحریک انصاف کا ایک بار پھر ڈی چوک جانے کا فیصلہ ، 24 اپریل کو یوم تاسیس کا جلسہ ڈی چوک میں ہی ہوگا ، تحریک انصاف ڈٹ گئی ۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ڈی چوک میں بڑے جلسے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ جلسے سے عمران خان خطاب کریں گے ۔ جلسے کی اجازت کیلئے ضلعی انتظامیہ کو جلد درخواست دیں گے ۔ دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار نے واضح طور پر اعلان کر رکھا ہے کہ اب کسی کو ڈی چوک میں جلسے کی اجازت دی جائے گی نہ دھرنے کی ۔ وزیر داخلہ کی ہدایات پر ڈی چوک کو مسمار کر کے اس انداز سے تعمیر کیا جا رہا ہے کہ کسی دھرنے یا جلسے کے لیے جگہ ہی میسر نہ ہو ۔