لاہور: سری لنکا کی ویمنز آرمی ہاکی ٹیم آئندہ برس کے ابتدائی مہینوں میں لاہور کا دورہ کرے گی جب کہ میزبان ملک کی مختلف ٹیموں کے خلاف 5 میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے بعد اب آرمی کی خواتین ہاکی ٹیم بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی سری لنکا کی میزبانی کرنے کے لیے ویمنز ونگ کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا کی ویمنز آرمی ہاکی ٹیم 2018 کے ابتدائی ایام میں لاہور کا دورہ کرے گی اور میزبان ملک کی مختلف ٹیموں کے خلاف 5 میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی، یہ میچز پنجاب، واپڈا، آرمی، پی ایچ ایف الیون اور لاہور کالج کی ٹیموںکے ساتھ کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ لاہور کی خواتین ہاکی اکیڈمی نے گزشتہ ماہ سری لنکا کا دورہ کیا تھا اور میزبان سائیڈ کے خلاف 3میچوں کی سیریز میں حصہ لیا تھا، دورے کے دوران ہی سری لنکا نے بھی پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سینئر نائب صدر پروین سکندر گل کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کا دورۂ پاکستان خوش آئند ہے، اس سے نہ صرف پلیئرز کو کھیلنے کے مواقع ملیں گے بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور دوستی میں بھی اضافہ ہوگا۔
’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت میں ان پروین سکندر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ لاہور ہاکی اکیڈمی نے سری لنکا کا دورہ کیا اور 3 میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کی، جذبہ خیرسگالی کے تحت ہم بھی آئی لینڈرز کو پاکستان میں بلانا چاہتے ہیں، اس ضمن میں پی ایچ ایف سے بات کی ہے، عہدیداروں نے سری لنکن ٹیم کو پاکستان بلانے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران مہمان ٹیم میزبان ملک کے خلاف 5 میچوں کی سیریزمیں حصہ لے گی۔
ایک سوال پر پروین سکندر گل نے کہاکہ فیڈریشن خواتین ہاکی کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے، حال ہی میں پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم نے ایشین چیمپئن ٹرافی کے فائنل تک رسائی حاصل کی، اس نتیجے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں خواتین کا ہاکی میں بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، خاتون پلیئرز کو بھی انٹرنیشنل ایونٹس میں کھیلنے کے مواقع ملتے رہیں تو وہ اپنے کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کرسکتی ہیں۔