کولمبو……. سابق بک میکر کے بیٹے تھلنگا سماتھی پالا سری لنکا کرکٹ بورڈ کا صدر بننے کے بعد اب آئی سی سی بورڈ میں بھی شامل ہونے کے لیے پراعتماد ہیں۔
انھوں نے گزشتہ دنوں دبئی کا دورہ کیا جہاں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں شرکت کے ساتھ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن سے ملاقات بھی کی۔ وہ کونسل میں سری لنکا کی نمائندگی کریں گے تاہم اس کے لیے آئندہ ماہ دبئی میں شیڈول آئی سی سی بورڈ کی رسمی منظوری ضروری ہے۔سماتھی پالا کا کہنا ہے کہ میں جمہوری انداز میں سری لنکن بورڈ کا صدر بنا مگر کچھ لوگوں نے آئی سی سی کو خط لکھ کر میرے والد کے بزنس کے بارے میں بتایا جس سے میرا کوئی تعلق نہیں ، سری لنکن حکومت کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں بھی میں یہ بات کلیئر ہوچکا ہوں۔اگرچہ سماتھی پالا نے اپنے والد کے بزنس کی تفصیل نہیں بتائی تاہم یہ حقیقت ہے کہ وہ ایک بک میکر اور جوا کھلاتے تھے۔