کولمبو: ٹوئنٹی 20 کپتان شاہدآفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، آغاز میں گھبرانے کے باوجود اعصاب قابو میں رکھے، زمبابوے میں مزید نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ 173 قابل حصول ہدف تھا مگر شروع ہونے ہم گھبرا گئے، آغاز میں اچھا نہیں کھیل پائے، عماد وسیم اور انور علی نے اچھی اننگز کھیلی، مجھے امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ٹیم کے لیے اسی طرح پرفارم کرتے رہیں گے۔
آفریدی نے کہا کہ اگر میں بولنگ میں اچھا پرفارم نہ کرپاؤں تو بطور کپتان بیٹنگ کے لیے میری ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، میرے پاس اس وقت بہترین ٹیم موجود ہے، ہماری اگلی سیریز نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے جس میں دوسرے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے، یہ کامیابی ہمارے لیے بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے، سری لنکن ٹیم میں اب مہیلا جے وردنے اور کمارسنگاکارا موجود نہیں مگر لسیتھ مالنگا نوجوان سائیڈ کے ساتھ بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں جتنا یہ زیادہ کھیلیں گے اتنا ہی بہتر ہوں گے۔
اس موقع پر انھوں نے شاندار میزبانی پر سری لنکن بورڈ اور سپورٹ پر شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مین آف دی میچ انور علی نے کہا کہ میں نے ہر گیند کو میرٹ پر کھیلا، خوشی ہے کہ میری اننگز ٹیم کے کام آئی۔
مین آف دی سیریز شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آپ اپنے کیریئر کے آخری برسوں میں اپنی کرکٹ سے زیادہ لطف اندوز ہوتے اور میں بھی ایسا ہی کررہا ہوں، ایک آل راؤنڈر ہونے کے ناطے میں ہر قسم کی صورتحال کیلیے تیار رہتا ہوں، ٹوئنٹی 20 لیگز کھیلنے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔