سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم پاکستان بھیجنے کی منظوری دے دی۔
سری لنکن کرکٹ کے چیف تھلنگا سماتھیپالا کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی جانچ پڑتال کے بعد ٹیم کو پاکستان میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سری لنکن کرکٹ چیف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے اپنے سیکیورٹی ماہرین ہیں جنہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور خاص طور پر لاہور کو کلئیر قرار دیا۔ تھلنگا سماتھیپالا کے مطابق کسی بھی غیرملکی دورے کے لئے حکومت کی اجازت ضروری ہے تاہم ستمبر میں دورہ پاکستان کے دوران ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں بھی کھیلا جائے گا۔ دوسر ی جانب چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے گزشتہ روز بذریعہ ٹوئٹ قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کولمبو میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد واپس لوٹے ہیں اور وہاں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان کے لئے اچھی خبر نکلی ہے۔ خیال رہے کہ 3 مارچ 2008 کو لاہور میں دہشت گردوں نے سری لنکن ٹیم کی بس کو اس وقت نشانہ بنایا جب کھلاڑی ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم جارہے تھے جب کہ واقعے 6 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔