لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورئہ پاکستان کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس کے دوران سری لنکن کرکٹ چیف سے ملاقات کی جس میں انھوں نے دورئہ پاکستان پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پلیئرز کو اعتماد میں لینے کی کوشش کریں گے، گرین سگنل ملنے کے بعد پی سی بی کو انتظامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی29 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہے جبکہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے نومبر میں اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کو آئی لینڈرز کے کامیاب دورہ سے مشروط کر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ چند سری لنکن کرکٹرز نے دورئہ پاکستان کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا، آئی لینڈرز انکار کرنے والے کھلاڑیوں کی جگہ متبادل نوجوان پلیئرزکا انتخاب کرسکتے ہیں، سری لنکن بورڈ کی طرف سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے اپنا نمائندہ 15 اکتوبر کے بعد بھجوائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی اجلاس میں ٹاسک فورس برائے پاکستان کے سربراہ جائلز کلارک بھی موجود تھے، انھوں نے پی ایس ایل فائنل کے بعد ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں مثبت رپورٹ دیتے ہوئے سری لنکن بورڈ حکام کو اعتماد دلانے کی کوشش کی ہے۔