اسلام آباد: سری لنکا کی وزارت تجارت کے سیکریٹری چن تیکا ایس لوکو ہیتی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وفاقی سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگہ سے ملاقات کی۔
سری لنکا کے وفد نے ملاقات کے دوران پاکستان سے3 لاکھ میٹرک ٹن چاول خریداری کے حوالے سے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا کیونکہ سری لنکا کو خشک سالی کی وجہ سے ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے غلے کی کمی کا سامنا ہے۔ سری لنکن وفد نے بتایا کہ دونوں اطراف کی حکومتی سطح پر خریداری پر غوروخوض کیا جائے گا۔ ملاقات میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے چیئرمین مشتاق احمد شیخ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکریٹری تجارت نے بتایا کہ یہ سیزن کا اختتام ہے، پاکستان ابتدائی طور پر سری لنکا کو25 ہزار میٹرک ٹن چاول فوری طور پر فراہم کرے گا جبکہ باقی ماندہ چاولوں کی فراہمی کے لیے ٹی سی پی اور کوآپریٹو ہول سیل اسیٹیبلشمنٹ (سی ڈبلیو ای) فراہمی کا شیڈول اور قیمت کا تعین ستمبر، اکتوبر میں فصل آنے کے بعد کریں گے۔ علاوہ ازیں دونوں اطراف سے سری لنکا کے سی ڈبلیو ای اور ٹی سی پی کے مابین مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔