اسلام آباد (جیوڈیسک) سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر 5 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نو منتخب سری لنکن صدر، صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کی دعوت پر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کر رہے ہیں ۔ دورے کے دوران سری لنکا کے صدر پاکستانی ہم منصب ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کے اعزاز میں دعوت کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1948 میں قائم ہونے والے سفارتی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور اہم عالمی اور علاقائی امور پر دونوں ممالک کے موقف میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔